ویب ڈیسک: خطے میں بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی پر چین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین خطے کی موجودہ صورتحال کو قریب سے مانیٹر کر رہا ہے اور دونوں ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ بات چیت کے ذریعے تنازع کا سیاسی حل تلاش کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی حالیہ جارحیت اور اس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے شروع کیے گئے آپریشن بنیان المرصوص کے بعد چین چاہتا ہے کہ دونوں فریق امن اور استحکام کے وسیع تر مفاد میں کام کریں۔
چینی دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اور بھارت کسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کریں جس سے کشیدگی میں اضافہ ہو۔ یہ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے بھی اہم ہے۔
چین نے عالمی برادری کی توقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو پرامن تصفیے کی راہ پر لوٹنا چاہیے اور چین اس عمل میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔