(احتشام کیانی)سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف پولیس گیسٹ ہاؤس میں قائم احتساب عدالت میں سماعت شروع ہوگئی، جج محمد بشیر کیس کی سماعت کررہے ہیں، نیب عمران خان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے درخواست دے گی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کو سکیورٹی خدشات پر اسلام آبادپولیس ہیڈکوارٹرز پہنچادیا گیا،ان کے خلاف مقدموں کی سماعت کیلئے نیب کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ کو عارضی طور پر پولیس لائن میں شفٹ کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے عمران خان کو تندرست قرار دے دیا ہے۔عمران خان کا طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد اپنی رپورٹ میں میڈیکل بورڈ نے عمران خان کو تندرست قرار دے دیا ،بورڈ زرائع کے مطابق عمران خان کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول نارمل ہے،میڈیکل بورڈ نے عمران خان کی میڈیکل رپورٹ نیب حکام کے حوالے کر دی۔
نیوگیسٹ ہاؤس پولیس لائن کو ایک مرتبہ کیلئے عدالت کا درجہ دے دیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق عمران خان کو ایف 8 اور جی 11 کچہری میں واقع نیب عدالت اور سیصشن عدالت کی کے بجائے نیوگیسٹ ہاؤس پولیس لائنز ہی میںبنائی گئی عارضی عدالتوں میں پیش کیا جائے گا، ان کو احتساب عدالت اور جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو نیب آفس کے بجائے حفاظتی اقدام کے تحت پولیس لائنز میں رکھا گیا ہے، ان کو گرفتاری کے بعد نیب آفس اور پھر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق خصوصی عدالت میں داخلے کی رسائی عدالتی لسٹ کے مطابق ہوگی اور عمران خان کی پیشی کے حوالے سے کوریج کی اجازت جج صاحبان کی مرضی کے مطابق ہوگی۔
خیال رہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کرپشن کیس کی سماعت کیلئےپولیس لائنز منتقل کیا گیا ہےجہاں نیب جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گا۔
اس موقع پر پولیس لائنز کے باہر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں رینجرز بھی تعینات ہیں اور سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کی مدد سے چاروں اطراف کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔