یاسر عرفات: پنجاب کے ضلع نارووال میں نماز تراویح کے دوران فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کردیا گیا، فائرنگ سے 48 سالہ عمران بٹ، 50 سالہ شاہد بٹ اور 47 سالہ ظفر اقبال جاں بحق ہوئے۔
پولیس کے مطابق قتل کی واردات گزشتہ روز ہوئی جس میں نماز تراویح کے دوران فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ کینیڈا میں مقیم مقتول کے بھائی زمان نے شوٹرز کے ذریعے فائرنگ کروائی، فائرنگ کرنے والا شوٹر وزیرستان کا رہائشی ہے۔
3افراد کے قتل پر ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ مقتول عمران اور اس کے بھائی زمان میں ویگن اڈے کی ملکیت کا تنازع ہے جب کہ مقتول عمران کےخلاف8 اور زمان کے خلاف 9 مقدمات درج ہیں۔
پولیس کے مطابق متنازع ویگن اڈہ سیل ہے اور فریقین کے خلاف انسدادی کارروائی بھی کی گئی تھی جب کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے 3 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور انہیں جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔
دوسری جانب نارووال حویلی انعام اللہ بٹ میں فائرنگ سے 03 افراد کے قتل اور ایک شخص کے زخمی ہونے کے معاملہ پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےنوٹس لیتے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
آئی جی پنجاب نے ڈی پی او کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کی فائرنگ سے 48 سالہ عمران بٹ، 50 سالہ شاہد بٹ اور 47 سالہ ظفر اقبال جاں بحق ہوئے۔