(شاہد ندیم سپرا)بجلی کنکشنز کے منتظر افراد کیلئے بڑی خوشخبری آگئی، لیسکو نے گھریلو صارفین کے لئے مزید30 ہزار سنگل فیز میٹر جاری کر دیئے۔
دستاویزات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 28 فروری تک جمع ڈیمانڈ نوٹسز پر کنکشن لگانے کے احکامات جاری کیے ہیں، کنکشنز کی تنصیب کے لئے مزید تیس ہزار سنگل فیز میٹرز جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ کمپنی کے تمام سرکلز کو ڈیمانڈ کے مطابق میٹرز جاری کیے گئے ہیں، لیسکو نے ریجنل اور فیلڈ سٹورز کو میٹرز کا اجراء کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ماہ نومبر تک جمع ڈیمانڈ نوٹسز پر کنکشن لگائے جا رہے تھے، میٹرز کی قلت کی وجہ سے کمپنی چھ ماہ تک کنکشن فراہم کرنے میں ناکام رہی تھی،تاہم چند ماہ قبل سات لاکھ سنگل فیز میٹرز خریدنے کی بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظوری دی، جس کے بعد مینوفیکچرز نے لیسکو کو سٹاک کی فراہمی کا آغاز کر دیا۔
دوسری جانب نیپرا نے بجلی 95 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کا فیصلہ کرلیا، بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری سے ہوگا۔