عابد چودھری:ہربنس پورہ کے علاقے میں مہندی کی ایک تقریب کے دوران پان تھوکنے کے تنازع پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کی کلوز سرکٹ فوٹیج بھی منظرعام پر آ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق شادی ہال انتظامیہ نے تقریب میں شریک مہمانوں کو صفائی کے حوالے سے پان تھوکنے سے منع کیا تھا، جس پر بعض افراد مشتعل ہو گئے۔ ابتدائی تلخ کلامی بعد ازاں ہاتھا پائی اور پھر مسلح جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔
حکام کے مطابق تقریب میں شریک مسلح افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے، تاہم نامزد ملزمان تاحال گرفتاری سے بچنے میں کامیاب ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔