علی رامے: پنجاب حکومت نے لاہور میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کو شہر سے منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق رہائشی اور کمرشل علاقوں میں قائم فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ غیر قانونی طور پر کام کرنے والے صنعتی یونٹس کو بند کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت نے صنعتوں کی مرحلہ وار منتقلی کا منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے تحت نئی انڈسٹریل زونز قائم کیے جائیں گے اور وہاں سڑکوں سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ صنعتوں کی منتقلی کا عمل آسان بنایا جا سکے۔
اس مقصد کے لیے پیرا، پولیس، ایل ڈی اے اور ماحولیاتی اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو منصوبے کی نگرانی اور عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔
حکام کے مطابق رہائشی علاقوں میں صنعتی سرگرمیوں پر سخت پابندی عائد کی جائے گی جبکہ ماحولیاتی این او سی کے اجرا کے عمل کو بھی مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے گا۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد لاہور کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔