ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب حکومت کا "شی تھریڈز" پروگرام، 310 ملین روپے کا بجٹ مختص

پنجاب حکومت کا
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ثمرہ فاطمہ: پنجاب حکومت کے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے "شی تھریڈز" پراجیکٹ کے تحت 310 ملین روپے کا بجٹ مختص کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے دیہی علاقوں کی خواتین کو ٹیکسٹائل سیکٹر میں جدید فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق "شی تھریڈز" پروگرام میں شامل خواتین کو تربیت کے دوران 15 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ اور ٹرانسپورٹ الاؤنس بھی دیا جائے گا۔ پروگرام میں پنجاب کے تمام دیہی علاقوں سے 18 سے 45 سال عمر کی مڈل پاس خواتین شرکت کی اہل ہوں گی۔

پراجیکٹ کے تحت ٹیکسٹائل سیکٹر سے متعلق 10 مختلف تربیتی کورسز متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں سٹیچنگ، مشین آپریٹر، فیبرک کٹنگ ایکسپرٹ، اپیریل پلاننگ، اپیریل سپروائزر، پیٹرن میکنگ اینڈ کٹنگ، پیٹرن ڈرافٹنگ، گارمنٹ فنشنگ اور پیکنگ سمیت دیگر جدید کورسز شامل ہیں۔

فی الوقت لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں ٹیکسٹائل ٹریننگ کورسز جاری ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران تقریباً ڈھائی ہزار خواتین نے تربیت مکمل کی، جن میں سے 773 خواتین کو فوری طور پر روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت "شی تھریڈز" کے تحت 1150 خواتین تربیت حاصل کر رہی ہیں، جبکہ آئندہ سال مزید 1350 خواتین کو پروگرام میں شامل کرکے تربیت دی جائے گی۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ سعدیہ تیمور کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن ہر خاتون کو مالی طور پر خودمختار اور بااختیار بنانا ہے، اور "شی تھریڈز" پروگرام اسی مقصد کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔