لوئر مال (جنید ریاض) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اساتذہ کے تبادلوں پر عائد پابندی ختم کرکے آن لائن درخواستیں وصول کرنے کا ٹائم فریم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تبالوں کیلئے درخواستوں کی وصولی 10 جون سے 16 جون تک جاری رہے گی، 17 جون سے 20 جون تک تبادلوں کی لسٹیں تیار کی جائیں گی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے سی ای اوز 30 جون تک درخواستوں کی جانچ پڑتال کریں گے، تبادلوں کے آرڈرز 6 جولائی تک تیار کیے جائیں گے، 9 جولائی کو تبادلوں کے آرڈرز سیس پر اپ لوڈ کردیئے جائیں گے، 10 سے 17 جولائی تک اساتذہ متعلقہ سکولوں میں جوائنگ دےسکیں گے۔
آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر آصف گوہر کا کہنا تھا کہ تبادلوں سے پہلے ڈی پی سی کے ذریعے ترقی پانے والے اساتذہ کی ایڈجسٹمنٹ کی جائے، ان سروس پرموشن پانے والے اساتذہ کی تعیناتی سے خالی سیٹوں کی اصل صورتحال سامنے آئے گی۔
E - Transfer for all the Honorable Teachers of Punjab will start tomorrow June 10, 2020. All transfers will be made on Merit just like previous year 2019. Zero Corruption in this Automated System introduced by PTI Punjab Government (School Education Department).
— Murad Raas (@DrMuradPTI) June 9, 2020
دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے تبادلوں پر سے پابندی اٹھانے کے حوالے سے اہم ٹویٹ کیا ہے جس میں مراد راس نے کہا کہ آج سے تبادلوں کیلئے آن لائن درخواستیں وصول کرکے میرٹ پر تبادلے کیے جائیں گے۔
مراد راس نے کہاکہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی تمام اساتذہ کے تبادلے بھرپور میرٹ اور شفاف نظام کے تحت کیے جائیں گے۔
ڈاکٹر مراد راس نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے تبادلوں کا شفاف نظام گزشتہ سال 2019 میں متعارف کروایا گیا تھا، ای ٹرانسفر پالیسی کے انعقاد سے پہلے اساتذہ کو میرٹ پر تبادلوں کے لئے بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کے کامیاب انعقاد اور عملدرآمد سے بڑے پیمانے پر ہونے والی سالانہ بدعنوانی کا خاتمہ ہوا۔