ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فیس بک اور انسٹاگرام میں بڑی تبدیلیاں متوقع، میٹا پر بھاری جرمانے کا خطرہ

فیس بک اور انسٹاگرام میں بڑی تبدیلیاں متوقع، میٹا پر بھاری جرمانے کا خطرہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: یورپی یونین نے فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا پر ڈیجیٹل سروسز ایکٹ (DSA) کی خلاف ورزی کا ابتدائی الزام عائد کرتے ہوئے کمپنی سے اپنی ایپس کے ایسے فیچرز میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے، جو صارفین، خصوصاً کم عمر افراد، کو طویل وقت تک اسکرین سے جوڑے رکھتے ہیں۔

ریگولیٹرز نے خبردار کیا ہے کہ آٹو پلے، انفنٹ اسکرول اور حد سے زیادہ ذاتی نوعیت کی سفارشات  میں تبدیلی نہ کی گئی تو میٹا کو اپنی سالانہ عالمی آمدنی کے 6 فیصد تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یورپی کمیشن کے مطابق فیس بک اور انسٹاگرام پر ریلز، اسٹوریز، آٹو پلے اور انفنٹ اسکرول جیسے فیچرز صارفین میں ضرورت سے زیادہ یا مجبوری کے تحت استعمال کی عادت پیدا کر سکتے ہیں۔ کمیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ آٹو پلے اور انفنٹ اسکرول کو ڈیفالٹ طور پر بند کیا جائے، مؤثر اسکرین ٹائم بریکس متعارف کرائی جائیں اور الگورتھمز کو صرف صارف کی مصروفیت بڑھانے کے بجائے محفوظ استعمال کو ترجیح دینے کے لیے تبدیل کیا جائے۔

میٹا نے ان الزامات سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی نے نوعمر صارفین کے تحفظ کے لیے "ٹین اکاؤنٹس" سمیت متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں، جن کے ذریعے والدین رات کے اوقات میں انسٹاگرام تک رسائی محدود کرنے اور روزانہ اسکرین ٹائم مقرر کرنے جیسے اختیارات استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اگر میٹا نے مطلوبہ تبدیلیاں نہ کیں تو آئندہ چند ماہ میں اس کے خلاف باضابطہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔