عرفان ملک: لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے امیگریشن چیکنگ کے دوران دو مختلف کارروائیوں میں جعلی امیگریشن مہروں کے حامل مسافر اور ایک مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سہراب خان سری لنکن ایئرلائن کی پرواز یو ایل-154 کے ذریعے کولمبو جا رہا تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر مشکوک پایا گیا، جس کی مزید جانچ پر اس کے پاکستانی پاسپورٹ پر جعلی امیگریشن مہریں برآمد ہوئیں۔ ملزم کو مزید کارروائی کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا گیا۔
دوسری کارروائی میں دبئی سے فلائٹ نمبر 9پی-503 کے ذریعے لاہور پہنچنے والے عبدالوکیل خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ امیگریشن چیکنگ کے دوران اس کا نام پی این آئی ایل لسٹ میں موجود پایا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم ایف آئی اے گوجرانوالہ کو سال 2025 سے مطلوب تھا، جسے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔