ابوبکر ارشد: پنجاب پولیس نے بجلی چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران رواں سال صوبہ بھر میں 32 ہزار 181 مقدمات درج کرکے 23 ہزار 439 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 20 ہزار 268 مقدمات کے چالان مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 2 ہزار 521 ملزمان کو عدالتوں سے سزائیں اور جرمانے بھی دلوائے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور میں بجلی چوری کے 8 ہزار 880 مقدمات درج کیے گئے، جہاں 9 ہزار 922 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم نے بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے۔