ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں بسنت کی ڈور سے پرندہ درخت پر پھنسنے کا واقعہ تشویش کا باعث بن گیا، تاہم ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے پرندے کی جان بچا لی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں اٹارنی جنرل آفس کے سامنے ایک درخت پر بسنت کی ڈور میں ایک پرندہ پھنس گیا، جو جان بچانے کے لیے کئی گھنٹوں تک تڑپتا رہا۔ واقعے کو دیکھ کر موقع پر موجود وکلاء اور لاء افسران نے فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب، ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر ریسکیو ٹیم فوری طور پر لاہور ہائیکورٹ پہنچی۔ ریسکیو اہلکاروں نے انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے درخت پر چڑھ کر ڈور کاٹی اور بسنت کی ڈور میں پھنسے پرندے کو بحفاظت آزاد کروا لیا۔ذرائع کے مطابق پرندہ تقریباً چار گھنٹے تک ڈور میں پھنسا رہا، تاہم بروقت امدادی کارروائی کے باعث اس کی جان بچ گئی۔ واقعے کے بعد وکلاء برادری اور موقع پر موجود افراد نے ریسکیو ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوری رسپانس کو سراہا۔