جنید ریاض: پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور بحالی کیلئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تحصیل اور مرکز کی سطح پر سپورٹس کمیٹیاں قائم کر دی ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق کھیلوں کے فروغ کیلئے تحصیل سپورٹس کمیٹیز تشکیل دی گئی ہیں، جن کے کنوینئر اسسٹنٹ کمشنر ہوں گے۔ ان کمیٹیوں میں ڈپٹی ایجوکیشن افسران، سپورٹس آفیسرز اور مختلف سکولوں کے ہیڈماسٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔
اسی طرح مرکز کی سطح پر بھی سپورٹس کمیٹیز قائم کر دی گئی ہیں، جن کے کنوینئر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (مرکز) ہوں گے۔ مرکز سپورٹس کمیٹی میں پی ای ٹی اساتذہ کے ساتھ ساتھ مقامی سپورٹس شخصیات کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں فروغ دیا جا سکے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق یہ تمام کمیٹیاں طے شدہ ٹی او آرز (Terms of Reference) کے تحت کام کریں گی اور سکولوں میں کھیلوں کے مقابلے، جسمانی سرگرمیوں اور طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما کو یقینی بنائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف سکولوں میں کھیلوں کا ماحول بحال ہوگا بلکہ طلبہ میں صحت مند سرگرمیوں، ٹیم ورک اور مثبت مقابلے کے رجحان کو بھی فروغ ملے گا۔