ویب ڈیسک : کراچی میں نیشنل سٹیڈیم کا تعمیرِ نو کے بعد افتتاح آج 11 فروری کو ہوگا۔ افتتاح کی تقریب میں شائقین کرکٹ کا داخلہ مفت ہوگا۔
اس سے پہلے پیر کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں لائٹس شو ہوا تو سٹیڈیم جگمگ جگمگ کرنے لگا۔اپ گریڈیشن کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کی نئی روشنیوں کی ٹیسٹنگ بھی اپیر کی رات ہی کر لی گئی۔ آج شام کو ہونے والی افتتاح کی تقریب میں گلوکار شفقت امانت علی، ساحر علی بگا اور دیگر مقبول فنکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب کی ریہرسل بھی پیر کی رات کی گئی۔ 6 ٹاورز پر لگی نئی ایل ای ڈی لائٹس روشن کی گئیں تو جلتی بجھتی لائٹس شو نے سٹیڈیم میں دن کا سا سماں پیدا کر دیا۔
اس کے بعد پھر لیزر اور فینسی لائٹس روشن ہوئیں تو نیشنل سٹیڈیم کا منظر قابل دید تھا۔ آج منگل کی شام ہونے والی افتتاح کی تقریب میں آتشبازی اور لائٹس شو کا شاندار مظاہرہ بھی ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں عوام کا داخلہ مفت ہوگا وہ اپنے شناختی کارڈ دکھا کر اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے۔
افتتاحی تقریب سے پہلے آج دوپہر سٹیڈیم کی تعمیر نو میں حصہ لینے والے مزدوروں کے لئے خاص تقریبِ تشکر ہو گی جس میں ورکرز کو ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔