سٹی 42: پی ایس ایل سیزن سیون کے دوسرے مرحلے کا آج سے لاہور میں آغاز۔۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کا کنٹرول روم کا دورہ، تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا.
پی ایس ایل سیزن سیون کے دوسرے مرحلے کا آج سے لاہور میں آغاز۔۔ ملتان سلطان اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ کے لئے سیکورٹی انتظامات مکمل، سربراہ لاہور پولیس کا کہنا ہے 8 ہزار سے زائد پولیس جوان اور لیڈیزاہلکار سیکورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ سی سی پی او فیاض احمد دیو نے ہدایت کی ہے کہ شائقین اور کھلاڑیوں کو بہترین سیکورٹی کی فراہمی کیلئے پولیس جوان ڈیوٹی پوائنٹس پر الرٹ رہیں جبکہ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ سی سی پی او کے مطابق 11ایس پیز، 41 ڈی ایس پیز، 103انسپکٹرز، 510 اپر سب آرڈینیٹس سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کا کنٹرول روم کا دورہ، تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا. کنٹرول روم میں تعینات ملازمین کی حاضری کو چیک کیا، قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں شائقین کرکٹ کو سہولیات کی فراہمی کے لئے 11 ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں. ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کا کہنا تھا کہ بذریعہ شٹل سروس شائقین کرکٹ کو قذافی اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا. شہریوں اور شائقین کرکٹ کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے.
واضح رہے 08 سے 10 ہزار ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں. انہوں نے کہاکہ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں سیف سٹی کے علاوہ 360 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں جن سے سکیورٹی انتظامات اور ٹیموں کے آنے والے روٹس کی بھرپور مانیٹرنگ کی جا رہی ہے.کورونا ویکسی نیشن سے متعلق بھی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے .
ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے 25 بیڈز پر مشتمل عارضی ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور ٹریفک پلان کا بھی جائزہ لیا.ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے مزید کہا کہ شائقینِ کرکٹ اور شہریوں کے لئے تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے.