کلیم اختر:وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پوائنٹ آف سیلز (POS) سسٹم کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے اور مؤثر بنانے کے لیے مکمل طور پر ازسرِنو جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے اس حوالے سے تمام سروس فراہم کرنے والے سیکٹرز کے بارے میں نئی پالیسی مرتب کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے پی او ایس سسٹم کی لائسنسنگ سے متعلق اہم اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ آئندہ پالیسی میں تمام سیکٹرز کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ کچھ مخصوص سیکٹرز کو ایف بی آر کی شرائط پوری کرنے کی صورت میں پی او ایس سسٹم کی تنصیب سے مستثنیٰ قرار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
تاہم ایس او پیز کے مطابق دیگر تمام سروس سیکٹرز کو پی او ایس سسٹم نصب کرنے کا پابند بنایا جائے گا، تاکہ سیلز کا ریکارڈ شفاف اور قابلِ نگرانی رہے۔
پی او ایس سسٹم کے تحت تمام سیلز، انوائسز اور سیلز ٹیکس کا ریکارڈ براہ راست ایف بی آر کے مرکزی نظام میں منتقل ہوگا,اس نظام کے ذریعے ٹیکس چوری روکنے، سیلز چھپانے اور غیر رجسٹرڈ کاروبار کی نشاندہی میں نمایاں بہتری آئے گی,ایف بی آر کے مطابق سسٹم مکمل فعال ہونے سے سیلز ٹیکس ریونیو میں اضافہ اور شفافیت میں بہتری یقینی بنائی جا سکے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی حتمی منظوری کے بعد مرحلہ وار نافذ کی جائے گی۔