(عفیفہ نصر اللہ) شہر میں ہونے والی موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس موسم سے لطف اندوز ہونے والوں کے موڈ کو بھی خوشگوار بنا دیا، شہری دلفریب موسم میں گنگناتے بھی رہے۔
بارش نے شہریوں کا موڈ اور موسم دونوں خوشگوار بنادیے، سہانے موسم کا مزہ لوٹنے کے لیے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا، جہاں وہ جھیل کے ٹھنڈے پانی میں کشتی رانی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ اقبال ٹاؤن، وحدت روڈ، گرین ٹاؤن سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بونداباندی کا سلسلہ جاری ہے۔
ٹھنڈے ٹھنڈے موسم سے لطف اٹھانے کے لیے طلبا و طالبات نے بھی یونیورسٹی کیفے ٹیریا کا رخ کیا، چائے اور کافی کی چسکیاں لیتے ہوئے دوستوں سے گپ شپ بھی جاری رہی۔ درختوں پودوں سے گرد ختم ہوئی تو ہر طرف رنگ ہی رنگ بکھر گئے، بارش کی بوندوں نے موسم ایسا سہانا کیا کہ پرندے بھی اپنے گھونسلوں سے باہر نکل کر جھومنے لگے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصہ سے ایسے موسم کے منتظر تھے، قدرت کے شکر گزار ہیں، بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
لاہور میں اور کیا کچھ ہو رہا ہے ؟ جاننے کیلئے لنک پر کلک کریں