سٹی42: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور تاریخ کے اعلان کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو صوبائی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دینے کے لیے خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان مشاورتی اجلاس 20 اگست کو اسلام آباد میں ہوگا۔الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کیلئے صوبائی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ پنجاب کابینہ کی جانب سے تشکیل دی جانے والی کمیٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور انتخابی شیڈول سے متعلق امور پر مشاورت کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان سمیت دیگر متعلقہ معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب حکومت کو کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کے بعد صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مشاورتی عمل آگے بڑھنے کی توقع ہے۔