(اشرف خان)جولائی 2026 میں ترسیلات زر میں ماہانہ 5 فیصد اور سالانہ 13 فیصد اضافہ ہوا،اسٹیٹ بینک نے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2026 میں بیرون ملک پاکستانی ورکرز نے 3 ارب 63 کروڑ 10 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے، جو جون 2026 کے مقابلے میں تقریباً 5 فیصد زیادہ ہیں۔
جون 2026 میں ترسیلات زر کا حجم 3 ارب 47 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا تھا، جبکہ جولائی 2025 میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 3 ارب 21 کروڑ 50 لاکھ ڈالر وطن بھیجے تھے۔
یوں جولائی 2026 میں ترسیلات زر میں سالانہ بنیاد پر 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جہاں مقیم پاکستانیوں نے 91 کروڑ 40 لاکھ ڈالر وطن بھیجے۔
سعودی عرب سے آنے والی ترسیلات میں جون کے مقابلے میں 10 فیصد جبکہ گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جولائی 2026 میں برطانیہ سے 55 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جبکہ امریکا سے 31 کروڑ 70 لاکھ ڈالر پاکستان پہنچے۔
اعداد و شمار کے مطابق اے یو ممالک سے 46 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔
دوسری جانب جون 2026 میں متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔
بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافے کو ملکی معیشت کیلئے اہم قرار دیا جاتا ہے، کیونکہ اس سے ملک میں غیر ملکی کرنسی کی آمد بڑھتی ہے اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔