عابد چودھری:شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے قاضی پارک سے 4 ماہ کے معصوم بچے موسیٰ کے اغواء کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بحفاظت بازیاب کرالیا جبکہ اغواء میں ملوث 2 خواتین سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق آپریشن ونگ اور انویسٹی گیشن تھانہ شاہدرہ ٹاؤن کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے اغواء شدہ بچے کی بازیابی یقینی بنائی۔ انچارج انویسٹی گیشن نعیم شہزاد کے مطابق ملزمہ نے اغواء کیے گئے بچے کو اپنے ایک رشتہ دار کے حوالے کیا تھا۔
پولیس کے مطابق محمد سہیل نے بچے کو عمران ولد منظور حسین کے حوالے کیا، جس کے بعد عمران اپنے رشتہ دار خواتین ملزمان کے ہمراہ بچے کو گجرات لے جا رہا تھا۔
پولیس ٹیموں نے اطلاع ملنے پر ٹول پلازہ کالا شاہ کاکو کے قریب کارروائی کی اور گاڑی کو روک کر 2 خواتین سمیت چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران 4 ماہ کے بچے موسیٰ کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔
بچے کی بازیابی کے بعد اسے قانونی کارروائی مکمل کرکے اس کے ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ معصوم بچے کی بحفاظت واپسی پر اہل خانہ نے پولیس ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔