درنایاب:پنجاب صاف پانی اتھارٹی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے درمیان اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں صاف پانی کے منصوبوں کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے اور مؤثر مانیٹرنگ کیلئے انہیں ون میپ پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صاف پانی کے منصوبوں کی جیو ٹیگنگ کی جائے گی جبکہ تمام منصوبوں کا ڈیجیٹل ڈیٹا مرتب کرکے انہیں ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پر منتقل کیا جائے گا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے کہا کہ منصوبوں کی جیو ٹیگنگ سے ان کی درست لوکیشنز کا تعین ممکن ہوگا۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے اجلاس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ذوالفقار احمد بھون نے بتایا کہ مستند ڈیٹا کی بنیاد پر صاف پانی کے منصوبوں کی لوکیشنز کا تعین کیا جائے گا جبکہ آبادی کے تناسب سے منصوبہ بندی کی جائے گی تاکہ صاف پانی سے محروم آبادی کو زیادہ مؤثر انداز میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ صاف پانی سے محروم آبادی کو دہلیز تک بوتلوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب بھر میں بوتلوں کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایک جامع نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے صاف پانی کے منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔ پی آئی ٹی بی کے تعاون سے منصوبوں کا مستند اور جامع ڈیجیٹل ڈیٹا بھی مرتب کیا جائے گا۔
اجلاس میں پی آئی ٹی بی اور پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔