لاہور: لاہور ٹریفک پولیس نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت شہری دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی ویڈیوز اور تصاویر ٹریفک پولیس کے آفیشل واٹس ایپ نمبر 0322-5638888 پر ارسال کر سکیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے کہا ہے کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر کی بنیاد پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ سموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے والے شہریوں کو تعریفی اسناد بھی جاری کی جائیں گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ ماحول کو آلودہ کرنے والی 7,330 سے زائد گاڑیوں کے چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، جبکہ انتہائی خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی 3,759 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کروایا گیا۔
اسی طرح ریت، مٹی اور دیگر ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی 2,337 گاڑیوں کے خلاف بھی چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے آگاہی لیکچرز بھی دیے جا رہے ہیں۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی نظام کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی اور ای چالاننگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سموکی وہیکلز کی درستگی اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے متعدد سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو مراسلے بھی ارسال کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی میں تعاون کریں تاکہ سموگ کے خاتمے اور صاف ماحول کے قیام کیلئے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔