سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام جشن آزادی کے حوالے سے ایونٹس

Jashn-e-Azadi Sports Events
کیپشن: Jashn-e-Azadi Sports Events
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

نشتر پارک (حافظ شہباز علی)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی کے حوالے سے جمناسٹک کے شاندار مقابلے پیر کے روز نشتر پار ک سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال کیساتھ گراؤنڈ میں منعقد ہوئے، کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

 ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ تقریب کے مہمان خصوصی تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ نے کھلاڑیوں کوجمناسٹک کی پریکٹس کیلئے جگہ اور سامان دینے کا اعلان کیا، سپیشل کھلاڑی محمد عظیم  نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جس پر ڈی جی سپورٹس پنجاب سمیت تمام شائقین نے بھرپور داد دی، ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے محمد عظیم کو کیش انعام دیا، اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین، ڈپٹی ڈائریکٹر رؤف باجوہ، ایڈمنسٹریٹر جمنازیم ہال مصطفی شاہ ودیگر بھی شریک  تھے۔

کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے  ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ نے کہا ہے کہ ماہ اگست میں جشن آزادی کے حوالے سے ایونٹس کرارہے ہیں، دو روز قبل مری میں مردوخواتین کی آرچری چیمپئن شپ منعقد کرائی ہے، جمناسٹک کے مقابلوں میں کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس دی جس پر مبارکباد دیتا ہوں۔

 انہوں نے جمناسٹک کوچ خاور متین کو ہدایت کی کہ کھلاڑی جمنازیم ہال کے ساتھ جگہ پر پریکٹس کریں اور اپنے کھیل کو مزید بہتر بنائیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ان کو تمام سامان فراہم کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ جمناسٹک کے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات دیں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب ہر کھیل کو فروغ دے رہا ہے، جہاں ٹیلنٹ ہے اسے آگے لائیں گے، باصلاحیت کھلاڑیوں کو تربیت بھی دیں گے۔

 ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی ایونٹس کے حوالے سے 12اگست کو مصوری کا مقابلہ بھی کرارہے ہیں، 10اگست کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم اور میڈیا کی ٹیم کا میچ ہوگا۔

 ایک سوال کے جواب میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ سکواش کمپلیکس منصوبے پر تعمیراتی کام جاری ہے جس دو سال میں مکمل کرلیں گے، لاہور ڈسٹرکٹ جمناسٹک ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کا جمناسٹک ایونٹ منعقد کرانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 27 سال میں پہلی مرتبہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے جمناسٹک کا ایونٹ منعقد کرایا ہے جس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، جمناسٹک کے مقابلوں میں لاہور سے 30سے زائد (مردوخواتین) کھلاڑیوں نے حصہ لیا، لڑکیوں میں ندا، عائزہ، عرفان، لائبہ طاہر، امان فاطمہ، افرائ، سعدیہ امان امجد،  اور لڑکوں میں ضرار طاہر، رئیس اعجاز، عمر فرید، بلال، مدثر نذر اور رمضان نے مقابلوں میں حصہ لیا۔

Sughra Afzal

Content Writer