اویس کیانی : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو آج برطانیہ کے وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔
وزیرِ اعظم اسٹارمر نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں سہولت فراہم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کی مؤثر سفارتی کاوشوں کو بے حد سراہا۔ برطانیہ کے وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں امن مذاکرات کی میزبانی پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی اور اس عمل کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مخلصانہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اہم یورپی اور بین الاقوامی رہنماؤں، بشمول وزیرِ اعظم اسٹارمر، کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان کا خیر مقدم کیا جس میں پاکستان کی امن کوششوں کی تائید کی گئی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر کی اہمیت پر زور دیا کہ جنگ بندی برقرار رہے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مزید فروغ دینے کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزیرِ اعظم اسٹارمر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی اپنی پُرتپاک دعوت کا اعادہ بھی کیا۔