عابد چودھری: لاہور کے ایئرپورٹ روڈ پر پٹرول پمپ کے سیکیورٹی گارڈز اور ورکرز پر تشدد کے واقعے میں جنوبی چھاؤنی پولیس نے مرکزی ملزم محمد رضوان کو راولپنڈی سے اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم نے ساتھی کے ہمراہ پٹرول پمپ پر سیکیورٹی گارڈ اور ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جبکہ اسلحہ نکال کر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں واقعے کا مقدمہ تھانہ جنوبی چھاؤنی میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور شواہد کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے بھی جلد گرفتار کیے جانے کی توقع ہے گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔