ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیاء کو ایک اور توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔
جسٹس منور اقبال دوگل نے سائلہ ام ابن شاہد کی درخواست پر سماعت کی درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم کی عدولی پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے عدالت نے وفاقی حکومت کے لاء افسر کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
درخواست گزار کے مطابق انہیں متحدہ عرب امارات جانا تھا، تاہم 8 اگست کو لاہور ایئرپورٹ سے آف لوڈ کردیا گیا۔ درخواست گزار نے ایف آئی اے کی جانب سے آف لوڈ کیے جانے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
وکیل کے مطابق ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو زیر التوا درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود ڈائریکٹر ایف آئی اے نے زیر التوا درخواست پر فیصلہ نہیں کیا۔