مریم مظہر:یو ایم ٹی روڈ پر سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث دکانداروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک پر گندے پانی اور کچرے کے ڈھیر سے علاقے میں تعفن پھیل رہا ہے، جس سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔
سیوریج کا پانی سڑک پر کھڑا رہنے کے باعث پیدل چلنے والوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے، جبکہ گندے پانی کے باعث مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
شہریوں کے مطابق یو ایم ٹی روڈ پر سیوریج کا مسئلہ گزشتہ دو ماہ سے برقرار ہے۔ انتظامیہ کو متعدد بار شکایات کے باوجود مسئلے کا مستقل حل نہیں کیا جا سکا۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ گندے پانی اور تعفن کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یو ایم ٹی روڈ پر سیوریج کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے اور سڑک سے گندا پانی نکال کر صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔