ملک اشرف: ایف آئی اے کے ایئرپورٹس سے مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے اختیار کے اقدام کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈائریکٹر ایف آئی اے امیگریشن ونگ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس منور اقبال دوگل نے سائلہ نائلہ کرن کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ عبداللہ ہارون عدالت میں پیش ہوئے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے کے پاس کسی کو آف لوڈ کرنے یا بیرون ملک جانے سے روکنے کا اختیار نہیں، کسی شہری کو بیرون ملک جانے سے روکنے کا اختیار صرف وفاقی حکومت کا ہے۔
عبداللہ ہارون نے کہا کہ ایف آئی اے کا مسافروں کو آف لوڈ کرنے کا اختیار غیر قانونی ہے اور یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 15 کے خلاف ہے جس پر عدالت نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جو ایشو اٹھایا ہے وہ لوگوں کے وسیع مفاد میں ہے۔
عدالت نے کہا کہ اس معاملے کے مستقل حل کے لیے عدالت کو معاونت درکار ہے، آئندہ سماعت پر ڈائریکٹر ایف آئی اے امیگریشن ونگ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔