سٹی 42: دوحہ پر اسرائیلی حملوں پر وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے شدید مذمت کی
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے اور اپنی طرف سے دوحہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے غیر قانونی حملے اور خوفناک بمباری، رہائشی علاقے کو نشانہ بنانے اور معصوم شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتا ہوں، اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردی اور یکجہتی شیخ تمیم بن حمد الثانی، قطری شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ ہے ،اسرائیل کی طرف سے جارحیت کا یہ عمل سراسر بلاجواز ہے ۔
یہ حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، اور یہ ایک انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہے جس سے علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے ،پاکستان اسرائیل کی جارحیت کے خلاف ریاست قطر اور فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور طریقے سے کھڑا ہے ۔
دوحہ پر اسرائیلی حملے پر ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیان دیا کہ پاکستان دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے ، اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے،انسانی اصولوں کی پامالی کسی صورت قابل قبول نہیں،عام شہریوں اور خودمختار ریاست کو نشانہ بنانا ناقابل دفاع اقدام ہے،پاکستان اس مشکل گھڑی میں قطر کے عوام و ریاست کے ساتھ ہے،قطر کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔