ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی میں آج مون سون کا بڑا اسپیل، 100 ملی میٹر سے زائد بارش کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

کراچی میں آج مون سون کا بڑا اسپیل، 100 ملی میٹر سے زائد بارش کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون کا شدید اسپیل برسنے کو تیار ہے، جس کے دوران بعض علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق، سندھ میں مون سون سسٹم "ڈیپ ڈپریشن" میں تبدیل ہو چکا ہے، جو بھارت کی جانب سے داخل ہوا ہے اور اس کا راستہ غیر واضح اور پیچیدہ ہونے کے باعث بارش کی شدت مختلف علاقوں میں مختلف ہو سکتی ہے۔

کراچی میں آج 4 سے 6 بارش کے سپیل متوقع ہیں، جن میں شدید موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو اربن فلڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں صورتِ حال تشویشناک ہو سکتی ہے۔

گزشتہ روز ملیر ندی میں بھی برسوں بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، جو اس نظام کی شدت کا واضح ثبوت ہے۔

صورتحال کے پیش نظر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں اور ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کرتے ہوئے کلاسز آن لائن لینے کا اعلان کیا ہے۔ وائس چانسلر کے مطابق طلبہ اور عملے کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

ادھر کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں، ننگی تاروں اور گہرے پانی والے مقامات سے دور رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔