ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

  انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ،ملتان میں 2دن انتہائی اہم

  انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ،ملتان میں 2دن انتہائی اہم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

وسیم شہزاد:ملتان اور مظفر گڑھ میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ، انتظامیہ نے 2 دن اہم قرار دیئے ہیں جبکہ شہری آبادیوں کو بچانے کیلئے شیر شاہ بند میں شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق  ملتان اور مظفر گڑھ کی ٹیکنیکل ٹیموں کے درمیان شیر شاہ پل کو بچانے کے لیے متوقع بریچنگ کے حوالے سے 3گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی مشاورت کے بعد بالآخر ایک پوائنٹ پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق فوری طور پر اس فیصلے پر عمل درآمد ممکن نہیں۔ دونوں اضلاع کی ٹیموں نے پانی کے کریٹیکل لیول کو 393.50 فٹ مقرر کیا ہے جبکہ اس وقت دریائے چناب میں پانی کی سطح 392.00 فٹ پر موجود ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ جب پانی کی سطح مقررہ حد تک پہنچے گی، تب بند پر شگاف ڈالنے (بریچنگ) کا فیصلہ عملی طور پر زیر غور لایا جائے گا۔ جس کے لیے بریچنگ پوائنٹ پر ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

مقامی انتظامیہ، این ڈی ایم اے اور دیگر ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر نشیبی علاقوں سے دور رہیں ۔

ادھر دریائے چناب میں شیر شاہ کے مقام پر شگاف سے مزید 8 ہزار گھر اور 30 ہزار سے زائد آبادی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، سیلابی پانی موضع سلطان پور ہمڑ، جمہور، کچور، گاگرہ مرزا پور اور بچ کے راستے سے شجاع آباد تک پھیل جائے گا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو فوری انخلا کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔علاوہ ازیں ملتان میں طوفانی بارش سے سیلاب متاثرین کی خیمہ بستی پانی میں ڈوب گئی، تحصیل جلال پور پیر والا میں بھی سیلاب نے تباہی مچا دی، 100 سے زائد بستیاں سیلابی پانی میں ڈوب گئیں، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب پاکستان ریلوے نے شیر شاہ پل کے قریب ریلوے ٹریک کو ممکنہ متاثر ہونے سے بچانے کے لیے مزید وقت مانگا ہے تاکہ ان کی ٹیکنیکل ٹیمیں حفاظتی اقدامات مکمل کر سکیں۔

واضح رہے کہ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال سنگین شکل اختیار کرتی جا رہی ہے اور اہم انفرااسٹرکچر کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری اور بروقت فیصلوں کی اشد ضرورت ہے۔