ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اب وقت سیاست کا نہیں، عوام کی خدمت کا ہے: بیرسٹر گوہر

اب وقت سیاست کا نہیں، عوام کی خدمت کا ہے: بیرسٹر گوہر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بڑا دکھ اور المیہ ہے، جو اللہ کی طرف سے آزمائش ہے اور ہمیں اجتماعی طور پر اس سے نمٹنے کے لیے متحد ہونا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات سیاست کرنے کے نہیں بلکہ عوامی خدمت اور متاثرین کی مدد کا وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پنجاب میں حالیہ سیلاب سے 42 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور تقریباً 4 ہزار 3 سو دیہات بری طرح متاثر ہو چکے ہیں، جہاں فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔بیرسٹر گوہر نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرین کے ساتھ فوری اور مؤثر امداد فراہم کرے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر، جو بھی متاثر ہوا ہے، ہم سب کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا تھا، اسی طرز پر ایک نیشنل ایکشن پلان سیلاب سے نمٹنے کے لیے بھی تشکیل دیا جانا چاہیے تاکہ ہر سال کی تباہی کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے خیبرپختونخوا کے متاثرین کی مدد کی اور یہی جذبہ قومی یکجہتی کا مظہر ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ "ہمارے ساتھ جو زیادتیاں ہوئی ہیں ان پر بولنے کو بہت کچھ ہے، لیکن آج ہم صرف قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔" انہوں نے پنجاب حکومت سے اپیل کی کہ عوام کے درمیان کسی قسم کا تفرقہ نہ ڈالیں بلکہ سب کی یکساں مدد کریں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کا بھی یہی پیغام ہے کہ سیاست سے بالاتر ہو کر سب کی مدد کی جائے کیونکہ یہی وقت کا تقاضا ہے.