فوڈ اتھارٹی کی صحت دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں 

فوڈ اتھارٹی کی صحت دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عمران یونس ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی لاہور ڈویژن میں صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں، 43 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، قوانین کی خلاف ورزی پر 5 سیل، 2 کی پروڈکشن بند جبکہ 36 کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق جدید لیکٹو سکین مشینوں سے لیس ملک موبائل ٹیسٹنگ لیبز سے 265 گاڑیوں میں موجود 2 لاکھ 52 ہزار 971 لیٹر دودھ چیک کیا گیا۔ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر 2630 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا۔ تلف کیے گئے دودھ کی ایل آر انتہائی کم اور پانی کی ملاوٹ پائی گئی۔

ناقص انتظامات اور حشرات کی بھرمار پر کنگ فوڈز پروڈکشن یونت، ماجرنان شاپ اور نورانی مرغ چنے کو سیل کردیا گیا۔ غیر معیاری دودھ فروخت کرنے پر امبالا ملک شاپ اور السعید ملک شاپ کو سربمہر کردیا گیا۔ سابقہ ہدایات کی خلاف ورزی پرڈی اون کیک اینڈ بیکس اوون اور ابریش واٹرفلٹریشن پلانٹ کی پروڈکشن اصلاح تک بند کر دی گئی۔

دوسری جانب چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ کی ڈی جی فوڈ کے ہمراہ صوبائی وزیر لائیو سٹاک سے ملاقات کی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے پائلٹ پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ اور مستقبل کے لائحہ عمل بارے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیے گئے سروے کے مطابق ٹاؤن شپ علاقے کے لوگوں نے پاسچرائز ڈ دودھ خریدنے کو ترجیح دی تھی۔ پائلٹ پراجیکٹ میں ٹاؤن شپ کے علاقے میں کھلے دودھ کی ترسیل کو مکمل طور پر بند کیا جائے گا۔

چیئرمین فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر پنجاب میں معیاری دودھ کی فراہمی کے لیے پاسچرائزیشن کا قانون لاگو کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں پاسچرائزڈ ملک کی فراہمی کے حوالے سے لاہور کو ماڈل سٹی بنایا جائے گا۔ 

صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین دریشخ کا کہنا تھا کہ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر ملک موبائل ٹیسٹنگ لیبز سے دودھ کی چیکنگ سے کافی بہتری آئی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا عوام کو معیاری دودھ کی فراہمی کے لیے تمام اقدامات قابل تحسین ہیں۔ عوام میں بہترین خوراک کے چناؤ اور حفظان صحت کے شعور کو اجاگر کرنے میں فوڈ اتھارٹی کا کلیدی کردار ہے۔