قذافی بٹ: خواجہ سراوں کے لئے خوشخبری، پنجاب روزگار سکیم کے تحت وہ بھی قرض حاصل کرسکیں گے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اعلان کردیا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مرد و خواتین کے ساتھ اب خواجہ سراء بھی قرضوں کے ذریعے معاشی خود کفالت حاصل کرسکیں گے، کورونا کے باعث مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو روزگار کی فراہمی بزدار حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بزدار حکومت کی جانب سے پنجاب روزگار سکیم 2020 کی منظوری اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ نئے یا موجودہ کاروبار کو بڑھانے کے لئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے، سکیم کے تحت امیدواران ایک کروڑ روپے تک کا قرضہ حاصل کر سکیں گے۔
فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب روزگار سکیم میں خواتین کے لئے مارک اپ کم رکھا گیا ہے، سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر سکیم کو جلد از جلد لانچ کرنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے۔ سکیم میں دیہی معیشت کو مستحکم کرنے کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔
فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے باعث خراب معاشی حالات میں روزگار سکیم کی منظوری پنجاب کی عوام کے لیے تحفہ ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر درخواست کو کم سے کم مدت میں پراسیس کیا جائے گا، عوام کی فلاح و بہبود وزیرِ اعظم عمران خان کے منشور کا اولین جزو ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان بزدار نے اپنے کام اور ترجیحات سے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا ہے۔