زاہد چوہدری: سروسز ہسپتال کے آؤٹ ڈور بلاک میں نصب نئی ڈیجیٹل ایکسرے مشین دو ماہ سے خراب، نیو ایکسرے ڈیپارٹمنٹ میں نصب کلر ڈوپلر الٹراساؤنڈ مشین بھی جواب دے گئی، مریضوں کو ٹیسٹ کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سروسز ہسپتال کے نئے او پی ڈی بلاک میں ایک برس قبل نصب کی گئی جدید ڈیجیٹل ایکسرے مشین سات ستمبر سے خراب ہے جسے تاحال ٹھیک نہیں کروایا جاسکا ہے۔ ڈیجیٹل ایکسرے مشین کی خرابی کی وجہ سے آوٹ ڈور میں روزانہ آنے والے ہزاروں مریضوں کو ٹیسٹ کے لیے شدید پریشانی کا سامنا ہے، لیکن انتظامیہ مذکورہ کمپنی سے ایکسرے مشین ٹھیک کروانے میں تاحال کامیاب نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب نیو ایکسرے ڈیپارٹمنٹ میں نصب کلر ڈوپلر الٹراساؤنڈ مشین بھی خراب ہوگئی ہے جس کی وجہ سے کلر ڈوپلر الٹراساونڈ کی سہولت بھی تعطل سے دوچار ہے، مریضوں کو دیگر ہسپتالوں سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔