ویب ڈیسک: نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے ریاستی اداروں کے خلاف توہین آمیز پیغامات پھیلانے کے الزام میں ایک خاتون سرکاری افسر کو گرفتار کر لیا۔ خاتون پر الزام ہے کہ انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران قومی اداروں کے خلاف عوام کے جذبات بھڑکانے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق خاتون کو لاہور سے گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے موبائل فون سے اہم شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے غیرملکی خاتون سے زیادتی اور لوٹ مار میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ دو روز قبل شکر پڑیاں کے علاقے میں پیش آیا جہاں نیدرلینڈز کی شہری کو آن لائن بائیک رائیڈر نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غیر ملکی خاتون نے ملزم کو شناخت کر لیا جبکہ چھینا گیا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو محض 51 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔