ویب ڈیسک: خطے کی کشیدہ صورتحال اور پاکستانی فضائی حدود کی بار بار بندش کے باعث خلیجی ایئرلائنز نے پاکستان کے لیے اپنا فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
ایئرلائنز کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ موجودہ حالات کے تحت کنیکٹنگ فلائٹس کے ذریعے پاکستان آنے والے مسافروں کو بھی سفر کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ پروازوں کے مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ ایئرپورٹس کا رخ نہ کریں اور تازہ ترین معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔
ایئرلائنز نے واضح کیا کہ جیسے ہی صورتحال میں بہتری آئے گی، فلائٹ آپریشن دوبارہ معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔
خلیجی ایئرلائنز کے اس فیصلے سے کئی مسافر متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور مسافروں کی سہولت کیلئے ممکنہ اقدامات جلد کیے جائیں گے۔