کلیم اختر: طلباء کی صحت کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شادمان میں ایک ہوسٹل میس اور پی آئی اے روڈ پر ایک معروف ریسٹورنٹ کو ناقص صفائی اور غیر معیاری خوراک کی فراہمی پر سیل کر دیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق یہ کارروائی ان فوڈ پوائنٹس کے خلاف کی گئی جنہوں نے سابقہ ہدایات پر عملدرآمد نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے طلباء ہاسٹلز کے اطراف میں خوراک کی فراہمی کے مراکز کی سخت چیکنگ جاری ہے۔
کارروائی کے دوران کئی تشویشناک حقائق سامنے آئے جس میں ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس موجود نہیں تھے۔پراسیسنگ ایریا میں ٹوٹا ہوا فرش، گندے پانی اور مکھیوں کی بھرمار دیکھی گئی، کچن میں چوہے، چھپکلیاں، کھلی نالیاں اور بدبو دار ماحول پایا گیا۔
اس کے علاوہ تیار شدہ اشیاء پر تاریخِ اجراء یا تنسیخ درج نہیں تھی، کھانے کی اشیاء بغیر ڈھانپے کاؤنٹر پر رکھی گئی تھیں، ٹوٹے گلاس، بدبودار ٹیبل اور نان فوڈ گریڈ برتنوں کا استعمال ہو رہا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے خبردار کیا کہ خوراک کے مقررہ اصولوں کے خلاف کاروبار کرنے والے عناصر دراصل صحت دشمن ہیں اور ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔