ویب ڈیسک:وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے خطاب کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان کے خطاب کو پاکستان کے خلاف ایک بڑی سازش قرار دیا ہے۔ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف بیانیہ گھڑنے والے اصل میر جعفر اور میر صادق ہیں، میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اتوار کو ایبٹ آباد میں ریاست، آئین اور پاکستان کے معزز اداروں کو چیلنج کیا اور اس کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان جو کچھ کر رہے ہیں اسے سیاست نہیں سازش قرار دیا جا سکتا ہے اور یہ سازش کسی سیاسی حریف کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کسی ایک شخص کی انا، تکبر اور صریحاً جھوٹ پر سرنڈر یا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔وزیراعظم نے عہد کیا کہ عمران کے ان مذموم عزائم کو ہر صورت کچل دیا جائے گا۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام، آئین اور پاکستان کے ادارے عمران نیازی کے غلام نہیں اور نہ ہی انہیں یرغمال بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے عمران خان کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران کو پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے بہت جھوٹ بول لیا، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا، عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کررہا ہے جس میں اُس نے کھایا ہے۔