جیل روڈ (زاہد چودھری، بسام سلطان) کورونا نے باغوں کے شہر لاہور کو اپنا ٹارگٹ بنا لیا، لاہور میں ایک ہی روز میں407 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کنفرم مریضوں کی تعداد 3 ہزار 856 ہو گئی، پنجاب حکومت نے لاہور میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے علیحدہ پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں کورونا وائرس کے 961 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کنفرم مریضوں کی تعداد 10 ہزار 33 ہو گئی، جن میں7971 مرد اور 2061 خواتین ہیں۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق 768 زائرین سنٹرز، 1926 رائیونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں اور 7259 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، قصور میں 69، شیخوپورہ میں 41 ، راولپنڈی میں 581 ، جہلم میں 73 اور گوجرانوالہ میں 422 شہری کورونا کے مرض میں مبتلا ہیں، سیالکوٹ میں 350، گجرات میں 436، ملتان میں 203، وہاڑی میں 56 اور فیصل آباد میں 311 شہریوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے 183 اموات ہوچکی ہیں، 4 ہزار 62 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں 143 پولیس ملازمین کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 188 کو قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، بیرون ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے لاہور میں کوروناوائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئےموثر مینجمنٹ کی علیحدہ پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔
یاد رہے کہ 24 مارچ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔