داتا دربار خودکش حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

داتا دربار خودکش حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عابد چودھری) داتا دربار خودکش حملے میں جامِ شہادت نوش کرنیوالے پولیس اہلکاروں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزراء اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔

داتا دربارکے باہر خودکش حملے میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، پولیس بینڈ نے شہداء کو سلامی بھی پیش کی، نمازِ جنازہ میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، صمصام علی بخاری، بشارت راجہ، آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز، سی سی پی او لاہور بشیر احمد ناصر سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میتیں شہداء کے ورثاء کے حوالے کر دی گئیں، جامِ شہادت نوش کرنے والوں میں سرگودھا کا رہائشی ہیڈ کانسٹیبل گلزار علی، قصور کا رہائشی شاہد نذیر، گوجرانوالہ کا رہائشی محمد سہیل اور لاہور کا رہائشی کانسٹیبل محمد سلیم شامل تھے۔

Sughra Afzal

Content Writer