عابد چودھری: ہئیر کے علاقے میں مبینہ گھریلو تشدد کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون صوبیہ کو مبینہ طور پر اس کے شوہر معین اکبر اور سسرالی افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث وہ جان کی بازی ہار گئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری شواہد جمع کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم معین اکبر وقوعہ کے بعد فرار ہو گیا، تاہم کارروائی کے دوران مقتولہ کے دیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب مقتولہ کے ورثا نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے۔
پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیشی شواہد کی روشنی میں واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔