عابد چودھری: کینٹ ڈویژن کے علاقے منہالہ میں زمین کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے شفیق، عرفان، سراج علی، ریحانہ بی بی اور بیلو بی بی زخمی ہوئے۔ زخمی عرفان کو پیٹ جبکہ سراج علی کو بازو پر گولی لگی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان طارق، شعیب، رمیض اور ان کے ساتھی فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ زمین کے تنازع پر پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے دوران ملزمان پولیس کی موجودگی میں اسلحہ لے کر گھومتے رہے جبکہ فائرنگ کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔ پولیس کی موجودگی کے باوجود علاقے میں کشیدگی برقرار رہی۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔