( اویس کیانی) ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں 1 روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، جس کا اطلاق جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس ریلیف کا اطلاق صارفین کے بلوں پر جون سے اگست 2026 تک تین ماہ کے لیے ہوگا، جس کے دوران صارفین کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔
اعداد و شمار کے مطابق اس فیصلے سے ملک بھر کے بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ 30 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔
ماہرین کے مطابق اس کمی سے عام صارفین کے بجلی بلوں میں واضح کمی متوقع ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کچھ حد تک کمی آنے کا امکان ہے۔