کلیم اختر: عیدالاضحیٰ کا تیسرا روز بھی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ان افراد کی جانب سے، جنہوں نے پہلے دو روز قربانی نہیں کی، آج سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔
باغ منشی لدھا کے رہائشی محمد عظیم نے آج بڑے جذبے کے ساتھ اونٹ کی قربانی کی، جسے دیکھنے کے لیے بچوں اور بڑوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ شہریوں نے قربانی کے اس منظر کو دلچسپی اور عقیدت سے دیکھا۔
تیسرے روز قصابوں نے بھی نسبتاً رعایت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اجرتوں میں کمی کی، جس کے باعث عوام کو کچھ ریلیف ملا۔ آج قربانی کرنے والے شہری نہ صرف سنتِ ابراہیمی ادا کر رہے ہیں بلکہ گوشت کی تقسیم کے بعد عزیز و اقارب کے ساتھ مل بیٹھ کر دعوتوں کا بھی اہتمام کر رہے ہیں۔
محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے یاددہانی کرائی ہے کہ قربانی کا وقت آج سورج غروب ہونے تک ہے، لہٰذا جو افراد آج قربانی کا ارادہ رکھتے ہیں وہ مقررہ وقت سے قبل یہ فریضہ انجام دیں۔
حکومت پنجاب کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور آلائشیں مقررہ مقامات پر ٹھکانے لگائیں تاکہ ماحول صاف و شفاف رہے۔