سٹی 42: گرمی کی شدت میں اضافہ سے طلباء بھی سکولوں میں بیمار ہونے لگے ، گرمی بڑھ جانے سے مختلف سکولوں میں طلباء کی حالت بگڑنے لگی، طلبا اور والدین نے سکولوں میں چھٹیوں کا مطالبہ کردیا۔
لاہورسمیت صوبہ بھر میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ گیا۔ گرمی کی شدت میں اضافہ سے بچے بھی بلبلا اُٹھے۔ شدید گرمی سے اکثر سکولوں میں طلباء کی حالت غیر ہوگئی ۔ والدین نے گرمی کی شدت میں اضافہ پر شدید تحفظات کا اظہارکیا ہے ۔
والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کو فی الفور گرمی کی چھٹیاں دی جائیں تاکہ انھیں بڑے نقصان سے بچایا جاسکے۔ سکولوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی کمی ہونے کے باعث طلباء میں پانی کی کمی کے مسائل بھی سامنے آرہے ہیں۔
دوسری جانب دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ملپور میں صبح سے بجلی نہ ہونے کے باعث گورنمنٹ فیڈرل اسکول میں متعدد بچے بے ہوش ہوگئے، بچوں کو گرمی کی وجہ سے نکسیر آنا شروع ہو گئی، بچوں کے سر پر پانی ڈال کر نکسیر کو روکنے کی کوشش بھی کی گی واپڈا کو اطلاع بھی دی بجلی کی مگر بجلی اب تک بحال نہ ہو سکی بچوں کو طبی امداد دینے کے بعد گھروں کو روانہ کیا گیا اسکول میں کل بچوں کی تعداد 200 ہے۔