(وقار گھمن) مسلم لیگ ن کا چینی اسکینڈل میں ملوث جہانگیر ترین کو پاکستان واپس لانے کا مطالبہ کہتے ہیں ائیرپورٹ سے فرار کی فوٹیج جاری کی جائے، چینی سبسڈی دینے پر وزیراعلی پنجاب اور ایکسپورٹ کی اجازت دینے والے وزیراعظم عمران خان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جارہی، کہا شہبازشریف سے آج پوچھا گیا کہ آپ نے آمدن سے زیادہ ٹیکس کیوں دیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا جہانگیرترین رات کے اندھیرے میں ملک سے فرار ہوئے۔ چینی انکوائری کے مرکزی کردار جہانگیر ترین کو ملک سے فرار ہونے پر متعلقہ اداروں اور خفیہ ہاتھوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ سیکرٹری اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ چیئرمین نیب کے انصاف کا جنازہ روز نکلتا ہے۔ وفاقی وزراء کے خلاف کاروائی اس لئے نہیں کی جاتی کہ حکومت گر جائے گی، رزاق داؤد، اسد عمر، خسروبختیار کے خلاف کارروائی ہوئےتو حکومت کا دھڑن تختہ ہوجائے گا۔
لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نیب پیشی پر شہباز شریف سے آمدن سے زائد ٹیکس ادا کرنے کا سوال مضحکہ خیز ہے۔ شہباز شریف پر ایک روپے کی کرپشن یا ان کے نامُ ٹی ٹی ثابت نہیں ہوسکی۔
قبل ازیں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس میں نیب کے بلاوے پر نیب آفس پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال اور انکی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے 13سوالات کا تحریری جواب جمع کرایا، نیب نے شہباز شریف سے بارکلے بینک سمیت دیگر قرضوں کی تفصیلات کے بارے میں سوالات کیے ،تاہم شہباز شریف نے واضح کیا کہ تمام تفصیلات الیکشن کمیشن گوشواروں میں جمع ہیں ۔ذرائع کےمطابق بیرون ملک دستاویزات کی فراہمی کے حوالے سے شہبازشریف نے جواب دیا کہ تمام کاروباری معاملات سلمان شہباز دیکھتے ہیں وہی بہتر بتا سکتے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق نیب نے شہباز شریف سے 4مشکوک ٹرانزیکشنزسے متعلق بھی پوچھا اور شہباز شریف سے یہ بھی پوچھا گیاکہ انکے اہلخانہ نے کتنی رقوم انہیں منتقل کیں۔ ذرائع کاکہنا تھا کہ شہباز شریف تحقیقاتی ٹیم کو تسلی بخش جوابات نہ دے سکے اور دوران تفتیش شہباز شریف نے کیمرے بھی ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
شہباز شریف کی نیب میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے، پولیس سمیت اینٹی رائٹ فورس کے پانچ سو جوان تعینات کیے گئے تھے جبکہ نیب آفس کے اطراف میں روڈ زکو بیرئیر لگا کربند کیا گیاتھا۔