ویب ڈیسک : چین کی معروف ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے ملازمت حاصل کرنے کے خواہاں افراد کے لیے نیا طریقہ متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے امیدوار اپنی درخواستیں ویڈیو کی شکل میں متعلقہ کمپنی کو بھیج سکیں گے۔
کمپنی نے ٹک ٹاک ریزیومے کے نام سے ایک نئی سروس کا آغاز کیا ہے جو لوگوں کو ملازمت کے لیے مختصر ویڈیوز کی شکل میں درخواست پیش کرنے کی سہولت دیتی ہے۔صارفین اس کے لیے معمول کے مطابق ویڈیو بنا سکتے ہیں جس میں وہ عام طور پر بنائی جانے والی ویڈیوز کی طرح تمام ایفیکٹس اور بیک گراؤنڈ میوزک کا استعمال کرتے ہوئے انہیں اس امید کے ساتھ کمپنیز کو بھیج سکتے ہیں کہ انہیں بھرتی کر لیا جائے گا۔
ٹک ٹاک چاہتا ہے کہ اس کے صارفین ملازمت کے حصول کے لیے بنائی جانے والی ویڈیوز ٹک ٹاک پر ہی پوسٹ کریں اور اس میں متعلقہ کمپنی کا ہیش ٹیگ استعمال کریں۔اس کے علاوہ کمپنی نے ایک مخصوص ویب سائٹ کا بھی آغاز کیا ہے جہاں لوگ ٹک ٹاک کی شکل میں اپنی سی ویز جمع کروانے سے پہلے اپنے مطلب کی ملازمت تلاش کر سکیں گے اور وہاں موجود ملازمتوں کے پہلے سیٹ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی ڈیڈ لائن رواں ماہ کے آخر تک ہے۔اس ویب سائٹ میں ان تخلیق کاروں سے رابطے کے لنک بھی دیے گئے ہیں جو جاب مارکیٹ میں لوگوں کی بھرتی کے امکانات کو بہتر بنانے کے طریقے پیش کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔