مادرملت کے نام سے منسوب منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا

مادرملت کے نام سے منسوب منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چوہدری ) مادرملت کے نام سے منسوب ڈینٹل انسٹیٹیوٹ کا منصوبہ تبدیلی سرکار نے بھی التوا میں ڈال دیا۔ تکمیل کیلئے پونے 2 ارب سے زائد رقم درکار لیکن بجٹ میں صرف 5 کروڑ روپے مختص کرکے خانہ پری کردی گئی۔

چوہدری پرویز الٰہی کی وزارت اعلیٰ میں جوبلی ٹاؤن میں مادر ملت کے نام سے منسوب ڈینٹل انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ شروع کیا گیا جسے 2 برس میں مکمل ہونا تھا، تاہم مسلم لیگ ن نے اقتدار سنبھالتے ہی فاطمہ جناح ڈینٹل انسٹیٹیوٹ کے منصوبے کو یکسر نظر انداز کردیا اور 10 برس تک منصوبہ مکمل کرنے کیلئے فنڈز فراہم نہ کیے۔

تبدیلی سرکار بھی گزشتہ 2 برسوں سے زبانی جمع خرچ سے آگے نہیں بڑھ سکی اور فاطمہ جناح ڈینٹل انسٹی ٹیوٹ کی تکمیل کیلئے فنڈزنہیں دیئے گئے۔ جوبلی ٹاؤن میں 93 کنال اراضی پر مشتمل فاطمہ جناح ڈینٹل انسٹیٹیوٹ کی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ 2 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

14 برسوں میں منصوبے پر 54 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں اور مزید پونے 2 ارب روپے سے زائد رقم درکار ہے، لیکن تبدیلی سرکار نے رواں مالی سال کے بجٹ میں صرف 5 کروڑ روپے مختص کرکے عملاً منصوبے کو نظرانداز کردیا ہے۔