ملک اشرف: امیدواروں کی انتخابی مہم میں بلدیاتی نمائندوں کی شرکت پر پابندی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے بارے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
اس خبر کو لازمی پڑھیں:پی پی 105 فیصل آباد: رانا بلال فاروق کے کاغذات نامزدگی چیلنج
جسٹس شمس محمود مرزا نے یونین کونسل 76کے چیئرمین اور ڈپٹی مئیر گلبرگ اعجاز حفیظ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے شفقت محمود چوہان ایڈوکیٹ نے پنجاب حکومت، الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے انتخابی مہم کے ضابطہ اخلاق واضح کیا ہے۔ سیکشن 18 کے تحت بلدیاتی نمائندوں کی انتخابی مہم میں شرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
درخواستگزار کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی کارکن ہے اور دوسری انتخابی مہم میں شرکت کرنا اس کا آئینی حق ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پابندی عائد کرنا ان کے بنیادی حقوق سے متصادم ہے۔ درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کی پابندی کلعدم قرار دیکر بلدیاتی نمائندوں کو انتخابی مہم میں شرکت کی اجازت دے۔